امانت اللہ خان تیسری مرتبہ دہلی وقف بورڈ کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب

0
47
امانت اللہ خان تیسری مرتبہ وقف بورڈ کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب
امانت اللہ خان تیسری مرتبہ وقف بورڈ کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب
دہلی وقف بورڈ کے آفس میں ممبران اور بورڈ عملہ نے کیا شاندار استقبال،دہلی کی عوام اور وزیر اعلی کا شکریہ ،وقف بورڈ کے رکے ہوئے کام مکمل کرنا اولین ترجیح:امانت اللہ خانبالآخر 9ماہ کے طویل انتظار کے بعد آج امانت اللہ خان ایک مرتبہ پھر دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین منتخب کرلیئے گئے۔اوکھلا سے عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی اور دہلی وقف بورڈ کے سابق چیئرمین رہے امانت اللہ خان کو آج ڈویژنل کمشنر کے آفس میں تمام ممبران کے ذریعہ بلامقابلہ دہلی وقف بورڈ کا چیئرمین منتخب کرلیا گیا۔طے شدہ شیڈیول کے مطابق آج 5بجے شام ڈویزنل کمشنر کے آفس میں وقف بورڈ کے چیئرمین کے انتخاب کے لیئے تمام بورڈ ممبران کی میٹنگ ہوئی جس میں ساتوں ممبران میں سے سابق ایم پی زمرہ سے ممبر پرویز ہاشمی کے علاوہ تمام ممبران نے شرکت کی اور متولی زمرہ سے ممبر چودھری شریف نے چیئرمین کے لیئے امانت اللہ خان کا نام پیش کیا جس کی رضیہ سلطانہ نے تائید کی جس کے بعد باقی تمام موجود ممبران نے بھی امانت اللہ خان کے حق میں اپنی حمایت پیش کی جس کے بعد 6بجے تک امانت اللہ خان کے دہلی وقف بورڈ کا چیئرمین منتخب ہونے کا اعلان کردیا گیا۔امانت اللہ خان کے وقف بورڈ کا چیئرمین منتخب ہوتے ہی دہلی کے مسلمانوں اور امانت للہ خان کے چاہنے والوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ شوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔چیئرمین منتخب ہوتے ہی امانت اللہ خان سیدھے دہلی وقف بورڈ آفس پہونچے جہاں بورڈ ممبران اور وقف بورڈ کے عملہ کے علاوہ معزز سماجی کارکنان اور ذمہ داران نے امانت اللہ خان کا استقبال کیا۔سب سے پہلے وقف بورڈ کے سیکشن آفیسر حافظ محفوظ محمد اور سیکشن آفسیر نشاب احمد خان کے ذریعہ گلدستہ پیش کرکے اپنے نومنتخب چیئرمین کا استقبال کیا گیا اس کے بعد چیئرمین صاحب کے پی اے اور بورڈ ملازمین کے نمائندہ فیروز خان نے تمام ملازمین کی جانب سے امانت اللہ خان کی خدمت میں گلدشتہ پیش کرکے مبارکباد دی۔ نومنتخب چیئرمین امانت اللہ خان نے اس موقع پر تمام دہلی والوں اور وزیر اعلی اروند کیجریوال اور نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ میں انشاءاللہ ایک مرتبہ پھر وزیر اعلی اروند کیجریوال اور دہلی کے لوگوں کی امیدوں پر کھرا اترنے کی کوشش کروں گا۔امانت اللہ خان نے آگے کہاکہ میری سب سے اولین ترجیح دہلی وقف بورڈ کے رکے ہوئے کاموں کو پورا کرنے پر مرکوز ہوگی اور انشاءاللہ ایک ہفتہ کے اندر جن ملازمین کی تنخواہیں رکی ہوئی ہیںانھیں جاری کردیا جائے گا۔امانت اللہ خان نے ملازمین کو نصیحت کرتے ہوئے کہاکہ آپ اسی طرح لگن اور محنت سے کام کرتے رہئیے۔انہوںنے مزید کہاکہ وقف بورڈ ہمارے اسلاف کی میراث اور ایک قیمتی امانت ہے اور ایک بہت بڑی ذمہ داری کا کام ہے انشاءاللہ میں پوری امانت داری اور دیانتداری کے ساتھ ملت کے اس ادارہ کی ترقی کے لیئے کوشاں رہوں گااور اپنے اسلاف کی اس میراث کی حفاظت کےلیئے جو کچھ بھی ممکن ہوسکا کرنے سے گریز نہیں کروں گا۔اس سے قبل وقف بورڈ کے ممبر ایڈوکیٹ حمال اختر نے عام آدمی پارٹی حکومت اور وزیر اعلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ہم شکریہ ادا کرتے ہیں کہ وزیر اعلی نے وقف بورڈ کی ذمہ داری ایک ایسے شخص کو سونپی ہے جس نے پوری امانت داری کے ساتھ وقف بورڈ کی خدمت کی ہے اور انشاءاللہ آگے بھی ان سے یہی امید ہے۔چودھری شریف نے کہا کہ ہمیں اپنے چیئرمین سے بہت امیدیں ہیں اور انشاءاللہ وہ وقف بورڈ کی ترقی کے لیئے ہر ممکن کوشش کریں گے ۔اس موقع پر کثیر تعداد میں سماجی کارکنان کے علاوہ وقف بورڈ کا عملہ ،دہلی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین ذاکرخان،اوکھلا سے بڑی تعداد میں امانت اللہ خان کے چاہنے والے موجود رہے اور انھیں تیسری مرتبہ وقف بورڈ کا ممبر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

Aticle on Delhi Waqf Board
sada today web portal

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here