یوم بانیان کے موقع پرشیخ عبداللہ اور وحید جہاں کو خر اج عقیدت پیش کیا گیا

علی گڑھ:بانی تحریک مسلم تعلیم نسواں ، پدم بھوشن شیخ عبداللہ عرف پاپا میاں اور تعلیم نسواں کے فروغ میں نمایاں کارکردگی پیش کرنے والی وحید جہاں عرف اعلی بی کو یوم بانیان کے موقع پر شاندار خر اج عقیدت پیش کیا گیا۔عبداللہ ویمنس کالج کی حدود واقع ان کی قبروں پرفاتح خوانی کی گئی اور دعا برائے ایصال ثواب بھی کی گئی۔ویمنس کالج،عبداللہ گرلز ہائر سکنڈری ،عبداللہ گرلز ہائی اسکول،عبداللہ نرسری وغیرہ کے طلبا اور طالبات ،ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف نے بڑی تعداد میں شیخ عبداللہ کی قبر پر فاتحہ خوانی میں شرکت کی ۔فاتحہ اور دعا شعبہ دینیات کے استاد ڈاکٹر ابرار احمد نے کرائی۔اس موقع پر منعقدہ مختصر تقریب میں پرنسپل ویمنس کالج پروفیسر نعیمہ خاتون نے بتایا کہ ایک ایسے وقت میں جبکہ تعلیم نسواں پر توجہ نہیں دی جاتی تھی اور لڑکیوں میں تعلیم کو رائج کرنا انتہائی مشکل کام تصور کیا جاتا تھا اس وقت میں شیخ عبداللہ اور ان کی اہلیہ وحید جہاں بیگم نے تعلیم نسواں پر نہ صرف توجہ مرکوز کی بلکہ مسلم لڑکیوں کی اعلی تعلیم کیلئے بھی راہیں ہموار کیں۔ شیخ عبداللہ نے مسلم ایجوکیشنل کانفرنس کے صیغہ نسواں کے سکریٹری بننے کے بعد ۱۹۰۶ میں مسلم لڑکیوں کے لئے جو ادارہ قائم کیا وہ ادارہ ترقی کرتا ہوا ویمنس کالج کی شکل میں ملک اور بیرون ملک کی طالبات کو اعلی تعلیم سے آراستہ کر رہا ہے ۔واضح رہے کہ ۲،فروری کو شیخ عبداللہ اور وحید جہاں کی شادی ہوئی تھی دونوں کے ذریعے تعلیم نسواں کے فروغ اور مسلم لڑکیوں کی تعلیم کے لئیے اداروں کی تعمیر و ترقی میں یکساں کارکردگی پیش کرنے کی وجہ سے ان کی شادی کے موقع پر یوم بانیان کا انعقاد کیا جاتا ہے ۔ڈین فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر مسعود انور علوی ،پرووسٹ عبداللہ ہال پروفیسر زیبا شیریں،پروفیسر قیصر جہاں،ڈاکٹر منیرا ۔ٹی ،پرنسپل گرلز ہائی اسکول آمنہ ملک،پرنسپل ہائر سکنڈری نغمہ عرفان ،ڈاکٹر احسان اللہ فہد،ڈاکٹربدرالزماں صدیقی،ڈاکٹر شائستہ بیگم،ڈاکٹر شائستہ پروین،ڈاکٹر فیروز احمد،ڈاکٹر علی عمران عثمانی،شمیم احمد،عرشی ظفر خان،ڈاکٹر فرقان سنبھلی وغیرہ شریک رہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Pin It on Pinterest