ایس پی وید کو جموں وکشمیر کے ڈی جی پی کے عہدہ سے ہٹایا

دلباغ سنگھ ریاست کے عبوری پولیس سربراہ تعینات

سری نگر؍نئی دہلی:جموں و کشمیر کے ڈی جی پی ایس پی وید کو ہٹادیاگیا ہے۔ اب ان کی جگہ دلباغ سنگھ ریاست کے نئے ڈی جی پی ہوں گے۔ دلباغ سنگھ ۱۹۸۷ء بیچ کے آئی پی ایس افسر ہیں، اور فی الحال ڈی جی پی جیل ہیں۔ وہیں ایس پی وید کو اب ٹرانسپورٹ کمشنر بنادیاگیا ہے۔ ریاستی محکمہ داخلہ کی طرف سے گذشتہ رات دیر گئے جاری کئے گئے حکم ناموں کے مطابق 1986 بیچ کے آئی پی ایس افسر ڈاکٹر ایس پی وید کو تبدیل کرکے ٹرانسپورٹ کمشنر (جموں وکشمیر) تعینات کیا گیا ہے۔ جبکہ ڈی جی پی جیل خانہ جات دلباغ سنگھ ریاستی پولیس کے سربراہ کا اضافی چارج سنبھالیں گے۔ وہ مستقل انتظام کئے جانے تک ریاست کے عبوری پولیس سربراہ ہوں گے۔ دریں اثنا ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ڈاکٹر وید کی تبدیلی اور دلباغ سنگھ کی پولیس سربراہ کے عہدے پہ عبوری تعیناتی کے اقدام پر سوالات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ’ڈی جی کو تبدیل کرنا انتظامیہ کے حد اختیار میں ہے۔ لیکن نئے ڈی جی کی عبوری تعیناتی کیوں؟ نئے (عبوری) ڈی جی نہیں جانتے کہ وہ پولیس سربراہ بنے رہیں گے یااضافے چارج سے فارغ کئے جائیں گے۔یہ جموں وکشمیر پولیس کے لئے اچھا نہیں ہے‘۔ انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں لکھا ’ایس پی وید کو تبدیل کرنے کی کوئی جلدی نہیں تھی۔ انہیں مستقل انتظام کئے جانے تک تبدیل نہیں کیا جانا چاہیے تھا‘۔
اس دوران تبدیل کئے جانے والے پولیس سربراہ ڈاکٹر وید نے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا ’میں خدا کا شکر گذار ہوں جنہوں نے مجھے اپنے لوگوں اور ملک کی خدمت کرنے کا موقع دیا۔ میں جموں وکشمیر پولیس، سیکورٹی ایجنسیوں اور اہلیاں جموں وکشمیر کا بھی ان کے سپورٹ اور مجھ پر بھروسے کے لئے شکر گذار ہوں۔ نئے ڈی جی پی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں‘۔ ڈاکٹر وید کو سابقہ پی ڈی پی بی جے پی مخلوط حکومت نے ریاست کا پولیس سربراہ تعینات کیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Pin It on Pinterest

RSS
Follow by Email
Facebook
Twitter
Pinterest
LinkedIn
Instagram