ریسرچ اسکالر راشد اقبال کے یو جی سی نیٹ۲۰۱۹ میں کامیاب ہونے پر انجمنِ محبانِ اردو علی گڑھ کی مبارکباد

 

 

 

 

 

علی گڑھ: شعبۂ اردو اے ایم یو علی گڑھ کے ریسرچ اسکالر راشد اقبال کے یو جی سی نیٹ ۲۰۱۹ میں کامیاب ہونے پر علی گڑھ کی مختلف علمی و ادبی انجمنوں نے مسرت کا اظہار کیا۔اس سلسلے سے مبارک باد دیتے ہوئے علامہ قیصر اکیڈمی علی گڑھ کے بانی و صدر ڈاکٹر رضیؔ امروہوی نے کہا کہ ’’کسی بھی مقصد کو حاصل کرنے کے لئے انتہائی جد و جہد اور محنت درکار ہوتی ہے۔یو جی نیٹ میں کامیاب ہونا آسان بات نہیں اس کے لئے لگاتار محنت اور تعلیم کی طرف رجحان درکار ہوتاہے بلا شبہ راشد اقبال صاحب نے انتھک محنت اور مطالعہ کر کے اور نیٹ پاس کر کے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طالب علم ہونے کا حق ادا کیا ہے۔میں اس کے لئے انھیں مبارکباد پیش کرتا ہوں‘‘۔بزمِ نویدِ سخن علی گڑھ کے سکریٹری سید بصیر الحسن وفاؔ نقوی نے کہا کہ’’راشد اقبال شعبۂ اردو اے ایم یو علی گڑھ کے ریسرچ اسکالر ہیں اور پروفیسر ظفر احمد صدیقی کے زیرِ نگرانی اپنا مقالہ لکھ رہے ہیں۔وہ ایک اچھے انسان ہونے کے ساتھ ساتھ ادب کے سچے عاشق اور تبصرہ نگار بھی ہیں ان کے تنقیدی و تبصراتی مضامین اکثر ملک اور بیرونِ ملک کے مقتدر رسائل و جرائد کی زینت بنتے رہتے ہیں۔ وہ جہاں کثیر مطالعہ رکھتے ہیں وہیں محنت اور لگن سے کبھی منہ نہیں چراتے اسی کا نتیجہ ہے کہ انھوں نے مسلسل کوشش و کاوش سے اپنی علمی صلاحیتوں کو بڑھایا اور یو جی نیٹ ۲۰۱۹میں کامیابی حاصل کی۔ان کی اس کامیابی سے آج اہلِ ادب بہت خوش ہیں اور دعا گو ہیں کہ انھیں مسلسل کامیابیاں ملتی رہیں‘‘۔انجمنِ گلشنِ ادب علی گڑھ کے سرپرست ڈاکٹر سرورؔ مارہروی نے کہا کہ’’آج کے دور میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا اور اس کا حق ادا کرنا آسان نہیں ۔راشد اقبال نے نیٹ میں کامیابی حاصل کرکے نئی نسل کے طلبہ کو ایک پیغام دیا ہے کہ مشکل نہیں ہے کچھ بھی اگر ٹھان لیجئے‘‘۔انجمنِ محبانِ اردو علی گڑھ کے سکریٹری محمد عادل فرازؔ نے راشد اقبال کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ’’کسی بھی کامیابی کے پیچھے اس کی سالوں کی محنت و مشقت ہوتی ہے اگر انسان مسلسل کسی کام کو کرنے کے لئے یکسوئی کے ساتھ لگا رہتا ہے تو ایک نہ ایک دن کامیاب ضرور ہوتا ہے۔خاص طور سے ادب کاطالبِ علم ہر لمحہ ادب میں گم رہتا ہے اور جو لوگ ادب کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنا لیتے ہیں ان کے لئے کامیابی بہت آسان ہو جاتی ہے میں اس موقع پر راشد اقبال کو مبارکباد دیناچاہوں گا اور یہ کہنا چاہوں گا کہ اردو ادب کے طلبہ کو ان سے سیکھ لینی چاہئے اور اپنی کوشش میں لگے رہنا چاہئے کیونکہ کوشش سے منزل آسان ہوجاتی ہے‘‘۔ انجمنِ محبان اردو علی گڑھ کے صدر عبد الحفیظ نے کہا کہ’’ راشد ااقبال کی کامیابی اردو ادب کے طلبہ کے لئے باعثِ مسرت ہے ان کی کامیابی یہ ثابت کرتی ہے کہ وہ محبِ اردو ہیں اور اردو ادب سے سچی عقیدت و محبت رکھتے ہیں‘‘۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Pin It on Pinterest