پرنسپل ڈاکٹر محمد معروف خان کو شِکشا شری قومی ایوارڈ سے نوازا گیا

35سالہ تدریسی اور انتظامی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ایوارڈ

شمال مشرقی علاقے جعفر آباد میں واقع ڈاکٹر ذاکر حسین میموریل سینیر سیکنڈری اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر محمد معروف خان کو 35سالہ تدریسی اور انتظامی خدمات کے اعتراف میں اِنڈو نیپال سمرسترا آرگنایزیشن کی جانب سے یومِ اساتذہ کے موقع پر قومی سطح کے مقبول ایوارڈ شِکشا شری ایوارڈ سے نوازا گیا۔وی۔کے کرشن مینن بھون، نئی دلّی میں جاری ہند۔نیپال ثقافتی کانفرنس کی ایک تقریب میںہندوستان کی تمام ریاستوںسے مختلف شعبہ ہائے زندگی خصوصاً تعلیم و تدریس میں امتیازی ، فلاحی اور منفرد خدمات انجام دینے کے اعتراف میں منتخبہ حضرات کی عزت افزائی کی گئی ۔ جس میں ایوارڈ یافتگان کو ایک میڈل ، سپاس نامہ،مملکتِ نیپال کا امتیازی نشان ٹوپی اور ایک شال سے نوازا گیا۔انتخابی کمیٹی کے صدر علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر محمد شبیرنے ملک کی تمام ریاستوں سے 585نامزد شخصیات میں سے40کا انتخاب کیا جس میںدہلی سے واحد نام پرنسپل ڈاکٹرمحمد معروف خان کا منتخب ہوا۔انھیںاس موقع پر نیپال حکومت کے پہلے نائب صدر جسٹس پرمانند جھا نے سپاس نامہ پیش کیا،سپریم کورٹ نیپال کے سابق جج گریش چند لال نے میڈل پہنایا، حکومتِ نیپال کے پشوپتی ترقیاتی فنڈ کے سیکریٹری ڈاکٹر پردیپ ڈکال نے نیپال کا امتیازی نشان ٹوپی پیش کی اورسابق سفیر مملکتِ نیپال برائے ہندوستان نے شال پیش کرکے ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔ مذکورہ تقریب میں ہند و نیپال کی معزز شخصیات موجود تھیں۔ ان کے علاوہ ڈاکٹر ذاکر حسین میموریل اسکول کی مینجمنٹ کمیٹی کے صدر احمد حسن ، سیکریٹری زین العابدین، اسکول کے اساتذہ شمع، سائمہ ،بشرا خان ، افسانہ محبوب،شمیم حسن، مظاہر حسن، محمد فہیم اور فرحان بیگ بھی اس پر مسرت تقریب کے چشم دید گواہ بنے۔
اس دوران ڈاکٹر ذاکر حسین اسکول میں دوہری خوشی منائی جا رہی تھی ۔ایک طرف تو یومِ اساتذہ تقریبات کا جشن تو دوسری طرف اسکول کے پرنسپل کو قومی ایوارڈ ملنے کی خوشی ۔ تمام اساتذہ اور طلبا ایوارڈ کا بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد ڈاکٹرمحمد معروف خان نے نمائندہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اول تو خدا کا شکریہ بجا لاتا ہوں اور اعتراف کرتا ہوں کہ یہ میرے والدین خصوصاً والد عبدالرئوف خان کی تربیت، قربانی اور دعائوں کا ثمرہ ہے جو مجھے اس ایوارڈ کے قابل سمجھا گیا۔ میں یہ عہد کرتا ہوں کہ آخری سانس تک قوم کی مزید خدمت بجالاتا رہوں گا۔مینجمنٹ کمیٹی کے صدر احمد حسن نے کہا کہ ڈاکٹر محمد معروف خان ایک نایاب ہیرا ہیں جو ہمیں اور ہمارے اسکول کوہی نہیں بلکہ دہلی کے جمنا پار علاقے کو میسر ہوئے ہیں اور آج انھوں نے نہ صرف دہلی میں بلکہ پورے ملک میں ہمارا اور اسکول کا نام روشن کیا ہے۔ ہم سب ان کے لیے دعا گو ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Pin It on Pinterest