جنگ سے نفرت ہے ہم کو:نظمیں

جنگ سے نفرت ہے ہم کو
ہم ہیں قائل عالمی سکھ شانتی اور امن کے
جنگ سے نفرت ہے ہم کو
ہم مخالِف ایٹمی ہتھیاروں کے اور بم کے ہیں
ہم مخالِف خون میں ڈوبے ہوئے پرچم کے ہیں
ہم مخالِف خونِ ناحق اور شور و شر کے ہیں
جنگ سے نفرت ہے ہم کو
نسلِ آدم سِسکے تڑپے معذور و مظلوم ہو
سرخ سائے موت کے ناچیں بساطِ زِیست پر
ہم نہ ایسا ہونے دیں گے
شعلے بھڑکیں لہلہاتے کھیتوں سے اٹھے دُھواں
سوکھ جائے کوکھ اِس دھرتی کی اور یہ بانجھ ہو
ہم نہ ایسا ہونے دیں گے
لاش خود اپنی اُٹھائے کاندھوں پر ماتم کرے
تِلمِلائے فاقوں سے اِنسان گھٹ گھٹ مرے
ہم نہ ایسا ہونے دیں گے
مانگ ہو سونی کِسی کی یا کِسی کی اُجڑے گود
جیتے جی مر جائے کوئی ، کوئی ہو جائے یتیم
ہم نہ ایسا ہونے دیں گے
کالی آندھی خوف و دہشت کی نہ چلنے دیں گے ہم
ہم نہ ویراں ہونے دیںگے پِھر کِسی آبادی کو
کیوں نئی دُنیا پرانی ہو ، نئی ہی یہ رہے
خوبصورت ہے یہ دُنیا خوبصورت ہی رہے
کیوں تباہی اور بربادی سے ہو دو چار یہ
مانداِس کا رنگ روپ اب ہم نہ ہونے دیں گے پِھر
جنگ سے نفرت ہے ہم کو
اب نہ ہونے دیں گے ہم اِنسانیت کو جاں بلب
سَر کچل دیں گے عداوت کے مچلتے ناگ کا
طوفاں خاک و خوں کے پِھر واپس نہ آنے دیں گے ہم
جنگ ہم ہونے نہ دیں گے اِس زمیں پر پِھر کہیں
جنگ سے نفرت ہے ہم کو
نسلِ آئندہ کو ہم بڑھنے نہ دیں گے اِس طرف
نسلِ آئندہ کو ہم پڑھنے نہ دیں گے یہ سبق
ہم ہیں قائل عالمی سکھ شانتی اور امن کے
جنگ ہم ہونے نہ دیں گے
جنگ سے نفرت ہے ہم کو

جنگ

( سانیٹ )

ہم نہیں یہ کہتے خود تاریخ ہے اِس کی گواہ
کرتی ہے تاراج کل کو جنگ جو ہوتی ہے آج
جنگ آنے والی نسلوں سے بھی لیتی ہے خراج
روک لیتی ہے یہ آگے بڑھنے کی ہر ایک راہ

جیتنے والا بھی اِس میں ہوتا ہے ہارا ہوا
جنگ دلدل زلزلہ پر پیچ و خم گرداب ہے
چِھین لے بینائیاں جو جنگ ایسا خواب ہے
جنگ ہے قہر و عذاب و لعنت و تف بدُّعا

کھیل ہے زیر و زبر کا جنگ کہتے ہیں جِسے
جنگ تو اِمکان خاک و خون کی آندھی کا ہے
پیش خیمہ یہ تباہی اور بربادی کا ہے
خبط ہے اندھے سفر کا جنگ کہتے ہیں جِسے

اے نیازؔ اِس جنگ میں سب کچھ عجب ہو جاتا ہے
کوئی مرتا ہے تو کوئی جاں بَلب ہو جاتا ہے
٭٭٭
نیاز جیراجپوری
Neyaz Jairajpuri M.A.,LL.M.(Alig)
Editor SHANDAR Monthly
67, Jalandhari
AZAMGARH – 276001 ( U.P.) INDIA
Mobile: +91 9935751213 / 9616747576
Email: njairajpuri@gmail.com

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *