بزم اظہار کا ماہانہ طرحی مشاعرہ منعقد

نفرتوں کی آبیاری ہو چکی٭خار کو گلنار ہونا چاہئے

پٹنہ (رہبر گیاوی):مشاعرہ کی روایت بہت پرانی ہے پہلے جہاں یہ شاہی دربار میں بادشاہوں کی دل بستگی کا سامان مہیا کرتا تھا وہیں وقت کے ساتھ مشاعرہ نے بھی خود میں تبدیلی لائی۔شاہوں کے دربار سے نکل کر کھلے میدان اور بند کمرے سے ہوتے ہوئے اب اس نے نئی جہت شروع کی اور اب اس کا انعقاد آن لائن بھی ہونے لگا اس سلسلے کی ایک کڑی بزم اظہار کے زیر اہتمام 28ویں ماہانہ طرحی مشاعرہ کا شاندار تاریخی انعقاد (جس میں 28شعراء نے اپنے کلام پیش کئے )استاد فن شاعرجناب مرغوب اثر فاطمی کی صدارت میں منعقد کیا گیا جس کی نظامت کے فرائض جناب م سرور پندولوی نے انجام دئے۔اس مشاعرہ کے لئے مصرع طرح ؎سب کو خوش گفتار ہونا چاہئے دیا گیا ۔جن شعراء نے اپنے کلام بلاغت سے محظوظ کیا ان کے نام اس طرح ہیں۔
مرغوب اثر فاطمی: ہیں مسلسل رزم میں دل اور دماغ٭کس کو خود مختار ہونا چاہئے
نذر فاطمی:کچھ نہیں تو نسل نو کے واسطے٭سب کو خوش گفتار ہونا چاہئے
سعید رحمانی:سچ کا دعویٰ کررہا ہے آج وہ٭اس کو زیب دار ہونا چاہئے
نفیس دسنوی:سب کی یکساں پاسبانی جو کرے٭اس کو ہی سردار ہونا چاہئے
پروفیسر ناظم قادری:دیکھ کر گرویدہ ہوں اغیار بھی٭تجھ میں وہ کردار ہونا چاہئے
ڈاکٹر اعجاز مانپوری:نفرتوں کی آبیاری ہو چکی٭خار کو گلنار ہونا چاہئے
شکیل سہسرامی:گمرہی حاوی نہ ہو اعصاب پر٭اس قدر بیدار ہونا چاہئے
رحمٰن آہی:یار دشمن ہوگیا ہے دوستو٭اب عدو کو یار ہونا چاہئے
رہبر گیاوی:ملک کی خاطر جواں درکار ہیں٭نہ کہ چوکیدار ہونا چاہئے
ڈاکٹر ممتاز منور:درددل کیا ہے سمجھنا ہو اگر٭عشق کا بیمار ہونا چاہئے
جہانگیر نایاب:چھوڑ کر راہ تشدد ہرجگہ٭امن کا پرچار ہونا چاہئے
م سرور پنڈولوی:زیر نفرت کو محبت سے کریں٭اس چھڑی پر دھارہونا چاہئے
مقصود عالم رفعت:غم نہیں جو چھن گئے لوح وقلم٭ہم کو حق گفتار ہونا چاہئے
ڈاکٹر عمرانہ مشتاق:وہ سردیوار لکھ کر آگیا٭جو پس دیوار ہونا چاہئے
بشر رحیمی:غازیٔ گفتار کو بھی لازما٭ساحب کردار ہونا چاہئے
ہمراز اوچوی:دل کا خدشہ دور کرنے کیلئے٭ہم کو محو یار ہونا چاہئے
چونچ گیاوی:اب الیکشن جیتنے کو چونچ جی٭ہاتھ میں ہتھیار ہونا چاہئے
نوشاد ناداں:آخری موقع تجھے دیتا ہوں میں٭تیر دل کے پار ہونا چاہئے
خورشید انجم:داستان عشق چھاپیں روزوشب٭ایسا بھی اخبار ہونا چاہئے
اصغر شمیم:لب سے کہنے کی ضرورت ہی نہیں٭آنکھ سے اقرار ہونا چاہئے
مظہر وسطوی:آنکھ پر کب تک بھروسہ ہم کریں٭لب سے بھی اقرار ہونا چاہئے
وارث اسلامپوری:صرف جملے مسئلے کا حل نہیں٭جذبۂ ایثار ہونا چاہئے
ڈاکٹر نصر عالم نصر:بھائیوں سے پیار ہونا چاہئے٭سب کو خوش گفتار ہونا چاہئے
کلیم اللہ کلیم:ظلم پر یلغار ہونا چاہئے٭المدد اس بار ہونا چاہئے
محسن دیناجپوری:نوکری سے لاکھ بہتر ہے میاں٭اپنا کاروبار ہونا چاہئے
سبطین پروانہ :غم نہ ہو تو زندگی بیکار ہے٭یوں نہ پھر بیزار ہونا چاہئے
خواہ مخواہ دلالپوری:چائے پہ جس جس کو بلوایا ہوں میں٭سب کو خوش گفتار ہونا چاہئے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Pin It on Pinterest