مرگ انبوہ، ایک تاریخی دستاویز: اجرا ۸؍ نومبر

معروف ادبی اور ثقافتی تنظیم ’تاج ادب جزیرہ‘ کے صدر ناصر عزیز ایڈووکیٹ نے یہ اطلاع دی ہے کہ تاج ادب جزیرہ کے زیر اہتمام مشہور و معتبر ناول نگار اور دانشور جناب مشرف عالم ذوقی کے تازہ ترین ناول مرگِ انبوہ کے اجرا کی تقریب سینئر سٹیزن ہال تاج انکلیو گیتا کالونی دہلی میں بروز جمعہ 8 نومبر 2019 شام 5.30 بجے منعقد کی جا رہی ہے۔ اس تقریب میں دہلی کی معروف علمی اور ادبی شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔
پروفیسر خواجہ اکرام فاروقی مجلس کی صدارت فرمائیں گے جبکہ پروفیسر انور پاشا مہمانِ اعزازی ہوں گے۔ پروفیسر ابن کنول،پروفیسر شہزاد انجم، خلیل الرحمان ایڈووکیٹ، نعمان شوق، خورشید اکرم، ابرار رحمانی، سہیل انجم،پروفیسر کوثر مظہری،پروفیسر ابو بکر عباد، معصوم مرادآبادی، حقانی القاسمی مہمانانِ خصوصی ہوں گے۔
صاحب کتاب اس ناول کی تحریک کے پس منظر اور اس کے کردار و پلاٹ پر سیر حاصل گفتگو فرمائیں گے اور دیگر معزز مہمانان بھی کتاب اور صاحب کتاب پر اپنے خیالات کا اظہار فرمائیں گے۔ اپنی اشاعت سے قبل اس ناول نے اردو فکشن کے شایقین میں زبردست شوق و انتظار کی کیفیت پیدا کر دی ہے۔کتاب کے پبلشر مصطفیٰ پاشا بھی اس تقریب میں شرکت فرمائیں گے۔ ذوقی کے مداح اور اردو ناول کے شایقین اس تقریب میں شرکت فرما کر اس تقریب کو پر وقار بنائیں۔ناصر عزیز کے مطابق یہ اردو کا پہلا ناول ہے، جس نے شائع ہونے سے قبل ہی ساری دنیا کے قارئین کا دل جیت لیا ہے۔ موضوع کے لحاظ سے یہ ناول اس ہندوستان کی کہانی سناتا ہے، جس نے ان پانچ چھ برسوں میں اقلیتوں کی زمین تنگ کردی ہے۔ اس لیے اس تاریخی اجرا میں ہم اس حقیقت کو سمجھنے کی کوشش کریں گے، جس نے ملک کی تقدیر کے آگے اندھیرا لکھ دیا ہے۔یہ ناول اندھیرے سے اجالے کی سمت ایک سفر ہے کہ خوفزدہ بستیوں میں بھی زندگی کی کرن کو موجود ہونا چاہیے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Pin It on Pinterest

RSS
Follow by Email
Facebook
Twitter
Pinterest
LinkedIn
Instagram