معروف موسیقار خیام کا92 سال کی عمر میں انتقال

معروف موسیقار خیام ممبئی کے اسپتال میں انتقال کرگئے۔92سالہ خیام کو پھیپھڑوں کی انفیکشن کے باعث 9 اگست کو ممبئی کے ایک اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں گزشتہ رات ان کی طبیعت بگڑ گئی۔انہوں نے گزشتہ رات تقریباً ساڑھے 9 بجے آخری سانس لی۔ ڈاکٹروں کی رپورٹ کے مطابق کارڈیاک اریسٹ کی وجہ سے ان کی موت ہوئی۔ پیر کی شام سےہی ان کی حالت نازک تھی اور ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ان کی نگرانی کر رہی تھی۔
ان کا پورا نام محمد ظہور خیام ہاشمی ہے لیکن فلمی دنیا میں وہ خیام کے نام سے مشہور تھے۔18 فروری 1937 کو پنجاب کے ضلع جالندھر کی تحصیل نواں شہر میں پیدا ہوئے تھے ۔انہیں تین مرتبہ فلم فئیر ایوارڈ دیاگیا۔انہوں نے 1953 میں فلم فٹ پاتھ سے اپنی فلمی زندگی کا آغاز کیا۔ان کی مشہور فلموں میں پھر صبح ہو گی، لالہ رخ، کبھی کبھی، نوری، تھوڑی سی بے وفائی، دل نادان، بازار، رضیہ سلطان وغیرہ شامل ہیں۔انہوں نے موسیقی کی تعلیم معروف موسیقار بابا جی اے چشتی سے لاہور میں حاصل کی تھی ۔ ان کی اہلیہ جگجیت کور ایک نامور گلو کارہ تھیں۔جو آج کل بہت بیمار ہیں۔معروف موسیقار کے انتقال سے فلمی دنیا میں ماتم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ بالی وڈ کے اداکاروں نے پدم وِبھوشن یافتہ ہر دلعزیز موسیقار کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Pin It on Pinterest