مدھیہ پردیش کے نامزد وزیراعلیٰ کا اعلان، ہر حال میں کسانوں کا قرض معاف ہوگا

بھوپال: حالیہ الیکشن میں کانگریس کی تین ریاستوں میں زبردست جیت کے بعد مدھیہ پردیش کے نامزد وزیراعلیٰ کمل ناتھ نے اپنے وعدہ کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کا قرض ہر حال میں معاف ہوگا۔ انہوں نے کسانوں کے قرض معاف کرنے کے کانگریس کے فیصلے پر سوال اٹھانے والوں پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ جب صنعتکاروں کے قرض معاف ہوسکتے ہیں تو کسانوں کے معاملے میں ایسا کیوں نہیں کیا جاسکتا ہے۔ مدھیہ پردیش کے نامزد وزیراعلیٰ مسٹر کمل ناتھ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے۷۰؍فیصد لوگوں کی معیشت کا انحصار زراعت پر ہے۔ یہ بھی سچ ہے کہ ہمارے یہاں کسان مقروض ہی پیدا ہوتا ہے اور قرض کے بوجھ کے نیچے ہی زندگی گزارتا ہے۔ کسانوں اور زراعت کے شعبہ کی صورت حال بہتر ہونے سے ہی دیہی اور شہری علاقوں کی معیشت ٹھیک رہتی ہے اور بازار میں انہیں کی وجہ سے رونق رہتی ہے۔واضح رہے کہ مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات کے دوران کانگریس نے اپنے ’انتخابی منشور‘ میں کسانوں کے قرض معاف کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ اب کانگریس کی حکومت بننے پر سبھی کی نگاہیں کسانوں کے قرض معاف کرنے سے متعلق وعدوں کے عمل درآمد پر لگی ہوئی ہیں۔ مدھیہ پردیش کے نومنتخب وزیراعلی کمل ناتھ نے آج کہا کہ ریاست کے سربراہ کے طور پر ان کا اہم ہدف معیشتوں میں بہتری لانے اور سرکاری اسکیموں کے ٹھوس نفاذ پر ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Pin It on Pinterest