وادی کشمیر میں آپریشن آل آئوٹ نام کا کوئی دہشت گرد مخالف آپریشن نہیں ہے:گورنر

جموں:جموں وکشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے کہا کہ وادی کشمیر میں آپریشن آل آئوٹ نام کا کوئی دہشت گرد مخالف آپریشن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلح نوجوانوں کو تشدد سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ انہوں نے ان نوجوانوں سے ہتھیار ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کی بازآبادکاری کے لئے کچھ بھی کرنے کے لئے تیار ہیں۔گورنر موصوف پیر کے روز یہاں کنال روڑ پر واقع راجندر پارک میں ‘جے اینڈ کے بینک کی جانب سے تعمیر کئے گئے میوزیکل فاؤنٹین اور اوپن ایئر جمنازیم کی افتتاحی تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کے سوالات کا جواب دے رہے تھے۔گورنر ستیہ پال ملک نے آپریشن آل آئوٹ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا ‘آپریشن آل آئوٹ نام کا کوئی آپریشن نہیں ہے۔ لوگ ایک غلط اصطلاح استعمال کررہے ہیں۔ کہیں دہشت گرد ہوتے ہیں، وہ فائر کھولتے ہیں یا ہتھ گولہ پھینکتے ہیں۔ ایسا نہیں ہوسکتا کہ آپ فائر کریں گے اور ہم آپ کو گلدستے یا پھول دیں گے۔ ہم نے کوئی آپریشن آل آئوٹ شروع نہیں کیا ہے۔ ہم تو یہ چاہتے ہیں کہ یہ بچے (کشمیری مسلح نوجوان) واپس آئیں۔ ان کے لئے ہم جو کرسکتے ہیں وہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہیں یہ راستہ چھوڑنا چاہیے۔ انہیں اس راستے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ میں یہ ایک بار پھر کہنا چاہتا ہوں کہ آپریشن آل آئوٹ نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Pin It on Pinterest