ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان گولہ باری کے تبادلے

پونچھ اور راجوری سیکٹروں کے سرحدی علاقوں کے لوگوں میں خوف ودہشت کی لہر

جموں: ہندوستان کے جنگی طیاروں کی سرحد پار پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے بالاکوٹ علاقے میں کارروائیوں اور لائن آف کنٹرول پر ہندووستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان گولہ باری کے شدید تبادلے کی وجہ سے پونچھ اور راجوری سیکٹروں کے سرحدی علاقوں کے لوگوں میں خوف ودہشت کی لہر پھیل گئی ہے۔دفاعی ذرائع کے مطابق پاکستانی فوج نے منگل کی صبح پونچھ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی چوکیوں پر شدید گولہ باری کی جس کا ہندوستانی فوج نے بھر پور جواب دیا۔ہندوستانی جنگی طیاروں کی سرحد پار کارروائیوں اور بعد ازاں پاکستانی فوج کی طرف سے ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنانے کے باعث سرحدی علاقوں کے لوگوں میں خوف ودہشت پھیل گیا ہے۔پونچھ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے منگل کی علی الصبح جہازوں کی آوزیں اوربعد ازاں بمباری کی خوف ناک آوازیں سنیں جس کے باعث علاقے میں سراسیمگی پھیل گئی۔اطلاعات کے مطابق پونچھ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے متصل واقع بالاکوٹ سیکٹر کے باشندگان کوکچھ دن پہلے ہی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا تھا جبکہ سرحد پار واقع بالاکوٹ میں قائم جیش محمد کے ٹھکانوں کو منگل کی علی الصبح ہندوستانی جنگی طیاروں نے تباہ کیا۔ادھر راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان شدید گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس کے باعث لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔اطلاعات کے مطابق طرفین کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ نصف شب سے شروع ہوا تاہم کسی بھی جانب کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔دوسری طرف سرحد پار پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے بالاکوٹ علاقے میں کارروائیوں پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ طرفین کے درمیان ٹکراؤ کا سب سے زیادہ خمیازہ کشمیریوں کو بھگتنا پڑے گا۔سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا چونکہ پاکستان نے ہندوستانی طیاروں کی کارروائیوں سے کسی بھی جانی نقصان کو مسترد کیا ہے اب انہیں چاہئے کہ وہ مفاہمانہ اسٹینڈ لیں ورنہ صورتحال کنٹرول سے باہر نکل سکتی ہے جس کا سب سے زیادہ خمیازہ کشمیریوں کو بھگتنا پڑے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Pin It on Pinterest

RSS
Follow by Email
Facebook
Twitter
Pinterest
LinkedIn
Instagram