امامیہ ہال نیشنل کالونی سول لائن علی گڑھ میں محفلِ منقبت کا انعقاد

تسبیح کر رہی ہے ستاروں کی انجمن           شاید کہیں پہ محوِ عبادت ہیں فاطمہؑ

علی گڑھ:بسلسلہ ٔولادتِ حضرت فاطمہ زہراؑ بنت رسول اثقلین حضرت محمد مصطفیٰؐ سالہائے گذشتہ کی طرح امسال بھی امامیہ ہال نیشنل کالونی سول لائن علی گڑھ میں امامیہ سوسائٹی کی جانب سے ایک طرحی محفلِ مقاصدہ کا انعقاد عمل میں آیا۔جس میں شعرائے کرام نے مصرع طرح’’تبلیغِ مصطفیٰؐ کی ضرورت ہیں فاطمہؑ‘‘ پر منظوم نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔محفل کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید اور حدیثِ کساء سے سرفراز زیدی نے کیا۔جب کہ نظامت کے فرائض مولانا اصغر اعجازؔ قائمی جلالپوری استاذ شعبۂ دینیات اے ایم یو علی گڑھ نے انجام دئے۔اختتامی تقریر میں مولانا سید شباب حیدر نے معصومۂ کونین خاتونِ جنت حضرت بی بی فاطمہؐ کے فضائل بیان کئے۔قارئین کے لئے محفل میں پسند کئے گئے منتخب اشعار حسبِ ذیل ہیں۔
ہر ناطقہ ہے سر بگریباں پس خطاب
دنیا سنے کہ محو خطابت ہیں فاطمہؐ
مولانا اصغر اعجاز ؔقائمی
ٹکرائے تھے جو شیشۂ کردار سے ترے
شرمندہ خود وہ نگِ ملامت ہیں فاطمہؐ
ڈاکٹر الیاس نویدؔ گنوری
جس کو چھپا کے رکھا تھا قدرت نے عرش پر
معراج کا وہ تحفۂ قدرت ہیں فاطمہؐ
اظہرؔ زیدی
یزداں نے جو لکھی وہ عبارت ہیں فاطمہؐ
حقا کہ اک کتابِ فضیلت ہیں فاطمہؐ
ڈاکٹر رضیؔ امروہوی
تسبیح کر رہی ہے ستاروں کی انجمن
شاید کہیں پہ محو عبادت ہیں فاطمہؐ
عزمؔ ہلوری
حق شانہ نے آیتِ تطہیر بھیج کر
بتلا دیا کہ محورِ عصمت ہیں فاطمہؐ
خالدؔ فریدی
اﷲکے حبیب نے یہ کھل کے کہہ دیا
قرآںکی در اصل ہی زینت ہیں فاطمہؐ
انجینئر معراج نشاطؔ
ہم مومنوں پہ سایۂ رحمت ہیں فاطمہؐ
قرآن ہیں رسولؐ تو آیت ہیں فاطمہؐ
عسکریؔ امروہوی
کس کو خبر نہیں ہے جہنم ہے ان کا بغض
کس کو خبر نہیں ہے کہ جنت ہیں فاطمہؐ
سید بصیر الحسن وفاؔ نقوی
قرآں کو ان پہ ناز ہے ایماں کو فخر ہے
اسلام کا وقار ہیں عزت ہیں فاطمہؐ
میر راشدؔ حسین
مریم وہ ہاجرہ ہوں کہ حوا و آسیہ
ہر ایک کی امامِ جماعت ہیں فاطمہؐ
صابر ؔرضا
ایسا نہیں کہ پھول سے خوشبو جدا رہے
حیدرؑ ہیں گر گلاب تو نکہت ہیں فاطمہؐ
اسلمؔ خورشید
در اصل فاطمہؐ کے معانی یہی تو ہیں
حتمی نجات اور نجابت ہیں فاطمہؐ
محبوبؔ ہلوری
اس کے علاوہ سمیع نقوی اور منصفؔ جلالوی نے بھی طرحی کلام پیش کیا۔آخر میں بانیِ محفل آغا حسن جلالوی نے شرکاء کے لئے طعام کا اہتمام کیا۔محفل میں شرکت کرنے والوں میںمولانا احمد مجلسی،مولانا سید علی،محسن رضا،حسن رضا،مدبر حسین،آغا حسن جلالی،حسین عسکری،زہیر عباس،مظہر حیدر زیدی،ابنِ محمد خاں،مولانا محمد تقی،حسن اختر زیدی،منیر رضا جلالی،اقتدار حسین،نقی مرتضیٰ،عون محمد دلارے،توقیر رضا،سبط حیدر جلالی اورشمیم طاہر زیدی وغیرہ وغیرہ پیش پیش رہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Pin It on Pinterest