حضرت عباسؑ ابن علیؑ نے فرات پر قبضہ کرکے بہادری اور وفاداری کی لاج رکھی : مولانا شیراززیدی نجفی

بیکری والی گلی زہرہ باغ سول لائن علی گڑھ میں مجلسِ عزا و جلوس علم کا انعقاد

علی گڑھ: مثلِ سالہائے گذشتہ اس سال بھی ثقلین عابدی جلالوی کی رہائش گاہ بیکری والی گلی زہرہ باغ سول لائنس علی گڑھ میں شہدائے کربلا کی یاد میں ایک مجلس عزا اور جلوس علم کا انعقاد کیا گیا ۔مجلس میں سوزخوانی سبط حیدر عابدی جلالوی ،محمد اسد عابدی اور ان کے ہمنواء نے کی۔ مولانا شیراز زیدی نجفی نے مجلس کو خطاب کیا انھوں نے اپنی تقریر میں عزادار امام حسینؑ اور علم مبارک کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے تاجدار وفا حضرت عباس ابن علی کی عظمت اور جاں نثاری کا ذکر کیا اوران کے فضائل و مصائب بھی بیان کئے جن کو سن کر سامعین گریہ و زاری کرنے لگے ۔مولانا نے کہا کہ’’حضرت عباس ابن علی وفاداری میں اپنی مثال آپ تھے انھوں نے تمام عمر امام حسینؑ کو آقا کہہ کر پکارا ۔تاریخ شاہدہے کہ وہ جہاں اپنے دور کے بہترین فقیہ تسلیم کئے جاتے تھے وہیں ان کی بہادری بھی بے مثل تھی۔کربلا کے میدان میں انھوں نے نہر فرات پر قبضہ کرکے مشک سکینہؑ کو بڑے اطمنان سے بھرالیکن خود پانی نہیں پیا یہاں تک کہ آپ کے وفادار گھوڑے نے بھی پانی کو منہ نہ لگایا ۔آپ جب نہر فرات سے مشک بھر کر چلے تو بھاگی ہوئی یزید کی افواج نے حملہ کیا اور دھوکے سے آپ کے دونوں شانے قلم کر دئیے جس کے بعد آپ کی شہادت واقع ہوئی اور امام حسینؑ نے کہا کہ اے بھائی تمہارے مرنے نے میری کمر کو توڑ دیا۔آپ اتنے وفادار تھے کہ آپ کی زندگی میں کسی ظالم کی ہمت نہ ہوئی کہ خیام حسینؑ پر حملہ کرتا۔غرض کہ آپ نے کربلا کے میدان میں جام شہادت نوش کرکے تاریخ میں وفاداری کی مثال قائم کرکے علم کی عظمت کو برقرار رکھا اور دین اسلام کا تحفظ کیا۔مجلس کے بعد شبیہ علم حضرت عباس برآمد کی گئی لوگ جلوس کی شکل میں قدیمی راستوں سے ہوتے ہوئے بارگاہ حسینی زہرہ باغ سول لائنس علی گڑھ پہنچے ۔جلوس میں نوحہ خوانی مظفر حسین مظفر نگری،جعفر ایرانی،شاہزیب عابدی،بلال عابدی اور صفدر زیدی عرف فخری نے کی۔جلوس میں مولانا سعید اختر کاظمی،مولانا احمد رضا،مولاناڈاکٹر اصغر اعجاز قائمی جلالپوری،مولانا زاہدحسین رامپوری،مولانا اکرام حسین جعفری،منصف عابدی،حاجی اکبر ،اختر حسین عابدی جلالوی،نایاب حسین عابدی اور علی حسن نقوی کے علاوہ کثیر تعداد میں محبان اہلبیت نے شرکت کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Pin It on Pinterest

RSS
Follow by Email
Facebook
Twitter
Pinterest
LinkedIn
Instagram