فضائیہ کے دو ہاک طیارے حادثے کا شکار،ایک پائلٹ کی موت

نئی دہلی: بنگلورو میں بدھ سے شروع ہونے والے ایروانڈیا شو سے ایک دن پہلے فضائیہ کو آج اس وقت ایک بڑے حادثے کا سامنا کرنا پڑا جب اس کے دو ہاک طیارے ہوا میں آپس میں ٹکرا گئے جس سے ان میں سوار تین پائلٹوں میں سے ایک کی موت ہوگئی دو دیگر زخمی ہوگئے۔فضائیہ کے ترجمان نے بتایا کہ سوریہ کرن ڈسپلے ٹیم کے یہ طیارے بدھ سے شروع ہونے والے ایئر انڈیا شو کےلئے رہرسل کررہے تھے۔یہ حادثہ صبح تقریباً گیارہ بج کر پچاس منٹ پر ہوا۔انہوں نے کہا کہ حادثے میں ایک پائلٹ کی موت ہوگئی،جبکہ دو پائلٹوں کوکمان اسپتال میں داخل کرایاگیا ہے۔جائے وقوع پر حادثے میں ہوئے نقصان کا جائزہ لیا جارہا ہے۔حادثے کی جانچ کےلئے کورٹ آف انکوائیری تشکیل دی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ دونوں طیارے لینڈ کرنے کی کوشش کررہے تھے،تبھی ایک طیارے کاایک بازو دوسرے طیارے سے ٹکرا گیا۔ٹکر ہوتے ہی دونوں طیاروں میں آگ لگ گئی اور وہ زمین پر گر پڑے۔زمین پر گرتے ہی طیاروں میں دھماکہ ہوگیا۔ان کی زد میں آکر ایک مکان میں بھی آگ لگ گئی۔یہ دونوں ہاک طیارے فضائیہ کی سوریہ کرن ڈسپلے ٹیم کا حصہ تھے۔یہ ٹیم آسمان میں ہوائی کرتب دکھانے کےلئے دنیا بھر میں مشہور ہے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ پائلٹوں کو طیاروں سے پیراشوٹ کے سہارے نکلتے اور زمین پر گرتے ہوئے دیکھا گیا۔ایک پائلٹ کو چوٹیں آئیں ہیں اور اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔چار دن چلنے والے ایرانڈیا شو کا یہ بارہواں ایڈیشن ہے۔وزیر دفاع نرملا سیتارمن اس کا افتتاح کریں گی اور وہ اس کےلئے بینگلورو پہنچ چکی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *