غنی منزل دھوبی پیٹ چینئی میں محفل مشاعرہ کا انعقاد

عثمان غنی کی تصنیف’’جہاں بینی‘‘ اور ماہنامہ پیام سدرہ کی رونمائی

’’غنی منزل‘‘ دھوبی پیٹ، چینئی میں کل شام عیدالاضحی اور یومِ آزادی کی مناسبت سے ایک تقریب اور شعری نشست کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس ادبی نشست کی سرپرستی استاد الشعراء حسن فیاض صاحب نے فرمائی جبکہ صدارت کے فرائض بابائے اردو تمل ناڈو حضرت علیم صبا نویدی نے انجام دئے۔ اس ادبی محفل کی نظامت جناب شاہد مدراسی نے کی۔انہوں نے پروگرام کی نوعیت بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ ہمارے میزبان جناب عثمان غنی صاحب نے جشن یوم آزادی اور عید ملن کے طور پر اس ادبی محفل کا انعقاد کیا ہے، ہم تمام لوگوں کی طرف سے ان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔ اس تمہیدی کلمات کے بعد ساجد حسین ندوی پروفیسر، شعبہ اردو، دی نیو کالج ،چینئی کی تلاوت سے بڑے مؤثر انداز میں محفل کا آغاز ہوا۔ مرحوم حضرت جمیل الدین قادری شرفی کی حمد، نعت خواں جناب نعمت اللہ شریف نے سنائی ۔شہزاد آبرو اور ساجد حسین نے نعتیہ کلام کا نذرانہ پیش کیا۔
جناب عثمان غنی صاحب نے آنے والے مہمانوں کا پرجوش انداز میں استقبال کیا پھر محفل مشاعرہ کا آغاز ہوا۔ اس محفل مشاعرہ میں ایوب مدراسی، سجاد رفعت، ببر نواب، ماہر مدراسی اور محفوظ رنجش نے بڑے خوبصورت انداز میں اپنے اپنے کلام پیش کئے۔عثمان غنی صاحب نے یومِ آزادی اور موجودہ حکومت پر طنز کرتے ہوئے قطعات کے چنداشعار پیش کئے۔ علیم صبانویدی اور حسن فیاض صاحب نے آخری میں خوبصورت غزلیں پیش کی۔ اس کے بعد عثمان غنی صاحب کی تصنیف کردہ اشعارکا مجموعہ ’’ جہاں بینی‘‘ اور شہر مدراس سے شائع ہونے والا اردو رسالہ ’’ماہنامہ پیام سدرہ‘‘ کی رونمائی حسن فیاض اور علیم صبا نویدی کے ہاتھوں میں عمل میں آئی ۔ عثمان غنی صاحب نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور یہ محفل اختتام پذیر ہوا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Pin It on Pinterest