پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں لگی آگ شعلہ جوالہ بنتی جارہی ہے:کانگریس

نئی دہلی: آج کل ڈیزل اور پٹرول یعنی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آگ لگی ہوئی ہے۔ اس کے خلاف اپوزیشن نے متحد ہوکر بھارت بند کرکے اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا۔ لیکن یہ آگ بجھنے کی بجائے شعلہ جوالہ میں تبدیل ہوتی جارہی ہے، یعنی قیمتوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اس کے لیے کانگریس نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف پیر کواپنے ’بھارت بند‘ کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد نے اسے وسیع پیمانہ پر کامیاب بناکر ملک کے عوام کے جذبات کا مظاہرہ کیا ہے۔کانگریس کے جنرل سکریٹری اشوک گہلوت اور پارٹی کے محکمہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے یہاں پریس کانفرنس میں کہاکہ پارٹی کبھی ’بھارت بند‘ جیسے انعقاد نہیں کرتی ہے لیکن مودی حکومت میں عوام کی زندگی مشکل ہوگئی ہے اور ’اچھے دنوں‘ کا خواب پٹرول، ڈیزل او رگیس کی آسمان چھوتی قیمتوں کی وجہ سے چکنا چور ہوگیا ہے ،اس لئے یہ اعلان کرنا پڑا۔ایندھن کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ اور ملک کے عوام کے مسائل پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر سنجیدہ نہیں ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کانگریس لیڈروں نے کہاکہ بی جے پی کی پالیسیاں عوام مخالف ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس کی قومی عاملہ کی میٹنگ میں ملک کو درپیش چیلنجوں پر بحث ہونے کی بجائے صرف کانگریس کی ہی تنقید کی جاتی ہے ۔ یہ پہلی بار ہوا ہے کہ برسراقتدار جماعت کی قومی عاملہ کی میٹنگ میں عوامی مسائل پر بات چیت نہیں ہوئی اور نہ ہی وزیراعظم نے عوامی مسائل سے وابستہ امور پر کچھ بولا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *