اسلم چشتی فرینڈس سرکل پونے کی اعزازی نشست

(ACFC )اسلم چشتی فرینڈس سرکل پونے

اے سی ایف سی کی روایت کے مطابق پونےمیں تشریف لائے معتبر و مشہور شعراء بھوپال سے جناب ثروت زیدی بھوپالی صاحب اور جمشید پور جھارکھنڈ سے سعید احسن صاحب کے اعزاز میں آپکا ہینڈلوم ایمپوریم شوروم ( ہال) لکشمی روڈ پونے میں بتاریخ 4 فروری 2019.ء شام چار بجے ایک شعری نشست کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت جناب ڈاکٹر شبیہ احسن کاظمی صاحب نے فرمائی اور نظامت کے فرائض اسلم چشتی نے ادا کئے نشست میں پونے کے مشہور شعراء ڈاکٹر شبیہ احسن کاظمی، حسام الدین شعلہ، اسلم چشتی، تنویر شولاپوری نے اپنا منتخب کلام سنایا صاحبِ اعزاز ثروت زیدی بھوپالی صاحب اور جناب سعید احسن جمشید پوری صاحب کو پوری توجّہ کے ساتھ سنا گیا اور داد سے نوازا گیا نشست میں اراکینِ سرکل نے شرکت کی- یہ کامیاب نشست طاہر علی کے شکریہ پر شام 6 بجے اختتام کو پہنچی اس نشست میں سنائے گئے اشعار قارئین کی نذر ہیں –
کھوکھلا حسن تو سائے سے جھلس جاتا ہے
زیورِ علم سے انسان حسین ہوتا ہے
بوڑھے احساس پہ لکھ دو یہ جواں لفظوں سے
فن کسی عمر کا محتاج نہیں ہوتا ہے
ڈاکٹر شبیہ احسن کاظمی
تم کو اس بات سے انکار نہیں ہو سکتا
وہ تو زاہد ہے گنہگار نہیں ہو سکتا
آج گلشن پہ اسی کی ہے اِجارہ داری
خشک پتّوں کا جو حقدار نہیں ہو سکتا
اسلم چشتی
باغات جب سے ہو گئے اوجھل ہرے بھرے
آتے نہیں ہیں خواب میں جنگل ہرے بھرے
کالی گھٹا کے نام سے منسوب ہیں مگر
دیتے ہیں پھل زمین کو بادل ہرے بھرے
ثروت زیدی بھوپالی
خدا کا شکر ہے یہ میری بیماری نہیں جاتی
زمیں داری کے جانے پر بھی خودداری نہیں جاتی
تمہارے بعد بھی چلتا تمہارے نام کا سکّہ
اگر تم سر کٹا لیتے تو سرداری نہیں جاتی
(سعید احسن جمشید پوری( جھار کھنڈ
خطرہ ہر مرض کا اس طرح سے ٹالا جائے
صرف محنت کا ہر اک منھ میں نوالا جائے
روشنی اتنی چراغوں میں میرے دے اللہ
میرے ہمسائے کے گھر میں بھی اُجالا جائے
حسّام الدین شعلہ
یہ بھی سچ ہے ہمیں جینے کا سلیقہ بھی نہیں
زندگی تو نے مگر ساتھ نبھایا بھی نہیں
خواب ہے یا کہ فسانہ ہے یا ہے کوئی خیال
یہ جہاں کیا ہے یہ ہم نے ابھی سمجھا بھی نہیں
تنویر احمد شولاپوری
منجانب :اراکینِ ( اے سی ایف سی) پونے مہاراشٹرا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Pin It on Pinterest