افغانستان میں طالبان نے تین بسوں کو یرغمال بنالیا،21 مسافر اغوا

کابل: افغانستان کے صدر اشرف غنی کا طالبان سے تین ماہ کے لیے مشروط جنگ بندی کے اعلان کے بعد ہی افغانستان میں طالبان کی زیادتی ابھی بھی جاری ہے۔ حالانکہ حالات کو بہتر رکھنے کے لیے افغانستان کے صدر نے جو کوشش کی تھی وہ ناکام ہوتے دکھائی دے رہی ہے۔ واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان نے تین مسافر بسوں کو یرغمال بنا کر 21 افراد کو اغوا کرلیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان نے قندوز کے علاقے میں گزشتہ شب تین مسافر بسوں کو یرغمال بنالیا جس میں مجموعی طور پر 170 افراد سوار تھے جن میں سے 149 مسافروں کو جانے دیا جب کہ 21 افراد کو سیکیورٹی اہلکار ہونے کے شبے میں طالبان اپنے ہمراہ لے گئے۔افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے میڈیا کو بتایا کہ 21 افراد کو طالبان کے قبضے سے رہا کرانے کے لیے سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کا آغاز کردیا ہے جس کے دوران 7 طالبان جنگجوؤں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ آپریشن مغویوں کی بازیابی تک جاری رہے گا۔مسافر بسیں قندوز صوبے کے ہائی وے سے کابل کی جانب جارہی تھیں۔ یہ علاقہ طالبان کے زیر تسلط ہے۔ طالبان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بسوں میں سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی کی اطلاع پر مسافروں کو یرغمال بنایا تھا۔ جانچ پڑتال کے بعد 149 مسافروں کو جانے دیا۔واضح رہے کہ افغانستان کے 99 ویں یوم آزادی کے موقع پر صدر اشرف غنی نے تین ماہ کے لیے جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔ تاہم یہ سیز فائر طالبان کی جانب سے کارروائی نہ کرنے سے مشروط ہے۔
اس سے قبل گزشتہ روز افغانستان کے صدر اشرف غنی نے طالبان سے تین ماہ کے لیے مشروط جنگ بندی کا اعلان کردیا۔افغان میڈیا کے مطابق افغانستان کے 99ویں یوم آزادی کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر اشرف غنی نے طالبان سے مشروط جنگ بندی کا اعلان کردیا۔ وہیں پاکستان نے عید الاضحی کے موقع پر افغانستان حکومت کے طالبان کے ساتھ تین ماہ کی جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔پاکستانی روزنامہ ڈان کے رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان ان سبھی کوششوں کی پوری حمایت کرتا ہے جس سے افغانستان میں مستقل طور پر امن و استحکام کے قیام میں مدد ملے۔افغانستان کے عوام اس کے مستحق ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Pin It on Pinterest

RSS
Follow by Email
Facebook
Twitter
Pinterest
LinkedIn
Instagram